اُڈپی 30/ مارچ (ایس او نیوز) پی یو سی فرسٹ ایئر کا امتحان کل 29 مارچ سے شروع ہوا جس کے دوران ضلع بھر کی پی یو کالجس سے قریب 700 طلبہ غیر حاضر رہے۔ ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق ان غیر حاضر طلبہ میں حجاب کی اجازت نہ ملنے کی وجہ سے امتحان دئے بغیر گھر واپس جانے والی 48 طالبات بھی شامل ہیں۔
بتایا جاتا ہے کہ ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد حجاب پر سختی سے پابندی کو دیکھتے ہوئے کنداپور سے 24، بیندور سے 14 اور اڈپی سرکاری گرلز کالج سے 2 طالبات امتحان سے غیر حاضر رہیں ۔پتہ چلا ہے کہ اُڈپی کی طالبات پریکٹیکل امتحان میں بھی حاضر نہیں ہوئی تھیں ۔
کنداپور سرکاری پی یو کالج کی 14 مسلم طالبات میں سے 8 اور آر این شیٹی پی یو کالج کی 28 میں سے 15 مسلم طالبات امتحان سے غیر حاضر رہیں ۔ ان غیر حاضر طالبات میں سے 9 طالبات حجاب کے ساتھ کالج کے احاطے تک پہنچیں تھیں مگر انہیں حجاب کے ساتھ امتحان دینے اجازت نہیں دی گئی ۔ ان میں سے کچھ طالبات نے یہ مطالبہ بھی کیا کہ اگر امتحان میں شریک ہونے کی اجازت نہیں دی جاتی تو پھر ان کی فیس واپس کی جانی چاہیے ۔ بھنڈارکر کالج کی پانچ میں سے چار مسلم طالبات نے امتحان میں شرکت کی البتہ ایک طالبہ امتحان سے غیر حاضر رہی ۔ جبکہ شاردا کالج بسرور کی تمام مسلم طالبات نے امتحان میں شرکت کی ۔ ناوندا گورنمنٹ پی یو کالج کی 8 میں سے 6 مسلم طالبات امتحان سے غیر حاضر رہیں جبکہ بیندور گورنمنٹ کالج کی 10 میں سے 2 مسلم طالبات نے امتحان میں شرکت کی اور بقیہ 8 طالبات غیر حاضر رہیں ۔ کچھ پرائیویٹ کالجوں میں جہاں پر یونیفارم میں حجاب شامل تھا ان طالبات کو حجاب کے ساتھ امتحان میں شریک ہونے کی اجازت دی گئی اور انہوں نے حجاب کے ساتھ امتحان دیا ۔